Friday, March 29, 2024

پاکستانی عوام کو غلام بنانے کیلئے دہشت پھیلائی جارہی ہے، عمران خان

پاکستانی عوام کو غلام بنانے کیلئے دہشت پھیلائی جارہی ہے، عمران خان
August 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں پاکستان میں عوام کو غلام بنانے کیلئے دہشت پھیلائی جارہی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اسلام آباد انتظامیہ پر برہم ہوگئے، اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد کو نہیں چھوڑیں گے۔ عمران خان نے جج کا نام لے کر ایکشن لینے کا اعلان بھی کردیا۔

عمران خان نے کہا قوم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے، نیوٹرلز سے کہتا ہوں آپ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں۔

عمران خان نے کہا کمزور آدمی پر تشدد کرنے پر سب کو شرم آنی چاہئے، نوازشریف، زرداری، مریم، فضل الرحمٰن بھی تنقید کرتے رہے۔ شہبازگل پر کیس ہوسکتا ہے تو ہم سب پر کیس کرنے لگے ہیں۔

عمران خان نے چیلنج کیا اب حقیقی آزادی کو کوئی نہیں روک سکتا، سب سن لو، یہ قوم جاگ چکی ہے، بیدار ہوچکی ہے،شعورآگیا ہے، آپ جو مرضی کرلیں، عوام کے سمندر کو نہیں روک سکتے۔

عمران خان کا کہنا تھا چنگیزخان جس علاقے کو فتح کرتا وہاں کھوپڑوں کے مینار بناتا۔ کچھ لوگوں کو زندہ چھوڑ دیتا جو دوسروں کو بتاتے چنگیز خان جہاں جاتا لوگ لڑے بغیر ہتھیار ڈال دیتے۔ ہلاکو خان شہبازگل پر تشدد کرکے ہمیں ڈرانے کی کوشش کررہا ہے۔ اب میں مسلسل سڑکوں پر ہوں، لیاقت باغ جلسے میں عوام کو روڈ میپ دوں گا۔