اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی پارٹنرشپ ٹوٹنے کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔
خلیجی اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی بارہ سال رہنے کے بعد ختم ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی جانب سے خبروں کی نہ تصدیق کی گئی اور نہ ہی تردید کی گئی۔
تیس اکتوبر کو شعیب ملک نے بیٹے اذہان کی سالگرہ کی تصاویر شیئر کیں جس میں ثانیہ مرزا بھی موجود تھیں۔ مگر ثانیہ نے وہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کیں۔ جس کے اگلے ہی دن اکتیس اکتوبر کو ثانیہ مرزا نے سوشل میڈيا پر بتایا کہ وہ اپنے گھر میں منتقل ہو گئی ہیں، نئے گھر کی وڈیو بھی شیئر کی۔
خیال رہے کہ چند روز پہلے ثانیہ مرزا نے انسٹا گرام پر لکھا تھا کہ ’ٹوٹے دل کہاں جائیں؟ اللہ کی تلاش میں
یاد رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی اپریل دو ہزار دس میں ہوئی تھی۔ جس کو بین الاقوامی میڈیا پر اچھی خاصی کوریج ملی تھی۔ شعیب ملک کی بارات سیالکوٹ سے حیدرآباد دکن گئی تھی۔ جس کے بعد ولیمہ پاکستان میں ہوا تھا۔ دونوں میاں بیوی دبئی میں مقیم تھے۔ شعیب اور ثانیہ کا چار سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام اذہان مرزا ملک ہے۔
ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی جانب سے علیحدگی کی خبروں کی نہ تصدیق کی گئی اور نہ ہی تردید لیکن دونوں کی خاموشی خدشات کو جنم دے رہی ہے۔