Thursday, April 25, 2024

پاکستان ذمہ دار ایٹمی ملک مگر اپنی سلامتی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کریگا، صدر علوی

پاکستان ذمہ دار ایٹمی ملک مگر اپنی سلامتی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کریگا، صدر علوی
March 23, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ایٹمی ملک ہے اور امن چاہتا ہے، مگر اپنی سلامتی اور خودمختاری پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔

صدرمملکت یوم پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب میں بولے کہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی کا فوری اور بھرپور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم فوری بند کرائے اور اپنی قراردادوں پر عملدر آمد کرائے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سب کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتا ہوں، یہ پریڈ اس لئے بھی اہم ہے کہ آج ہم 75 واں یوم پاکستان منارہے ہیں، پریڈ میں اسلامی ممالک کے سربراہان شریک ہیں، ہمیں حصول پاکستان کا بنیادی مقصد یاد رکھنا چاہیئے، پاکستان کا مقصد مساوات، قانون و انصاف کی حکمرانی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں مسلمانوں کے ساتھ اقلیتوں کو بھی مکمل آزادی حاصل ہے۔ وطن عزیز کی ترقی کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہے،

صدرمملکت بولے کہ فلسطین اور آزاد کشمیر میں مظالم ڈھائے جارہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر جبروتشدد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا، اندرونی وبیرونی سازشوں کو ناکام کیا دہشت گردی کے خاتمے پر مسلح افواج کو سلام پیش کرتا ہوں۔

اسلامو فوبیا کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا دنیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی لہر نے اسلام کو مشکلات سے دو چار کیا ہوا ہے۔ پاکستان نے اسلافوبیا کیخلاف  پوری دنیا میں آواز بلند کی ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی پاکستان کی اسلاموفوبیا کیخلاف پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کیا ہے۔ مزید کہا کہ او آئی سی کا اجلاس پوری مسلم اُمہ کو متحد کرنے کا بہترین موقع ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس پوری مُسلم اُمہ کو متحد کرنے کا بہترین موقع ہے، اسلاموفوبیا کو عالمی سطح پر روکنے کیلئے اوآئی سی نے اہم کردار ادا کیا، 15 مارچ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن مقرر ہونے پر مُسلم اُمہ کو مُبارک دیتا ہوں۔