Friday, September 20, 2024

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خواتین کا دن منایا گیا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خواتین کا دن منایا گیا
March 8, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ، پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خواتین کا دن منایا گیا۔

نازک مگر بلند حوصلہ پاکستان کی بیٹیاں زندگی کے ہر شعبے میں عملی طور پر فعال، شعبہ طب ہو یا سرحدوں کی حفاظت، قوم کی ترجمانی ہو یا فیصلہ سازی کا اختیار، خواتین ہر میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ فاطمہ جناح، بینظیر بھٹو، ثمینہ بیگ، ملالہ یوسفزئی سمیت ہزاروں نام پاکستان کی پہچان، پاکستانی خواتین دنیا بھر میں امن مشنز کےلیے بھی پیش پیش ہیں۔

معاشرے میں خواتین کے مثبت کردار کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے، ایسی خواتین میں پاکستان کی انعم سعید بھی شامل ہیں جنہوں نے معذوری کے باوجود امریکا میں کھیلوں میں حصہ لے کر خواتین کیلئے مثال قائم کی۔

جسمانی عارضے کا شکار لاہور کی انعم سعید ایک ایسی خاتون ہے، جو اپنے عزم اور ہمت کے باعث دیگر خواتین کیلئے رول ماڈل بن گئی ہے، انعم سعید نے معذوری کے باجود امریکا میں کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

انعم سعید کہتی ہیں کہ انہوں نے اپنی کامیابیوں سے ثابت کیا ہے کہ عورت کمزور نہیں ہوتی۔ اُن کا کہنا ہے کہ معاشرے میں مقام بنانے کیلئے تعلیم کے ساتھ شعور بھی چاہئے۔

انعم نے جسمانی معذوری کو مجبوری نہیں بننے دیا، اپنی گھرگرہستی اور دوسالہ بیٹے پربھی بھرپورتوجہ دے رہی ہے۔

ملتان کی اسپیشل پرسن زاہدہ قریشی کی زندگی کٹھن جدوجہد سے عبارت ہے۔ زاہدہ قریشی جو اپنی شیر خواری کی عمر میں ہی پولیو اٹیک کے باعث اپنی دونوں ٹانگوں سے معذوری کا شکار ہو گئی تھیں۔ انہوں نے شعور سنبھالا تو والدین نے معذوری کو مجبوری نہ بنانے کا شعور دیا۔

پرعزم زاہدہ قریشی نے اپنی زندگی کے 50 برسوں میں جو کٹھن مصائب دیکھے۔ اِن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ایم اے اکنامکس کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد اپنی زندگی سپیشل پرسنز کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے وقف کردی۔

چھ ماہ کی عمر میں پولیو کا شکار ہوئی۔ رینگتے ہوئے شعور سنبھالا اور کٹھن زندگی کے روزوشب گذرے ماسٹر ڈگری ایجوکیشن مکمل کرنے کے بعد اپنی کمیونٹی کی بہتری کیلئے زندگی وقف کردی۔

سپیشل پرسنز کیلئے خصوصی ویل چیئر متعارف کروائی راستہ وہ جو سب کیلئے ہو مہم کا آغاز کیا، پاکستان میں کسٹمائزاڈ ویل چیئر کی مینو فیکچرنگ کو متعارف کروائی۔ خصوصی افراد کیلئے شناختی کارڈ کا حصول یقینی بنایا خصوصی خواتین معاشرے کا لازمی حصہ۔ انہیں تعلیم ۔روزگار اور ترقی کے یکساں مواقع دیئے جائیں۔