Friday, May 17, 2024

پاکستان رومانیہ اور یورپی یونین کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، شاہ محمود

پاکستان رومانیہ اور یورپی یونین کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، شاہ محمود
January 10, 2022 ویب ڈیسک

بخارسٹ (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ پاکستان رومانیہ اور یورپی یونین کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیر کو رومانیہ کی وزیر خزانہ فلورین سپتارو سے ملاقات کی۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے اُمور، دوطرفہ تجارت اور یورپی یونین کی سطح پر اقتصادی شعبوں کے فروغ کے لیے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور یورپی یونین کے حوالے سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ "ہماری حکومت کا ایجنڈا معاشی ترجیحات پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا گزشتہ چند برسوں میں پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، پاکستان اور رومانیہ کے درمیان برآمدات کا تناسب مسلسل بڑھ رہا ہے، گزشتہ مالی سال اور رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔ مالی سال تجارت میں 40 فیصد اضافہ پاکستان اور رومانیہ کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کا ثبوت ہے۔

وزیر خارجہ نے یورپی یونین میں پاکستان کے لیے رومانیہ کی حمایت کو بھی سراہا۔ دونوں اطراف سے وبائی امراض کے چیلنج کے باوجود دو طرفہ تجارت میں تعطل کو بھی سراہا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور رومانیہ کے وزیر خزانہ فلورین سپتارو نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر رومانیہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال بھی موجود تھے۔