Saturday, July 27, 2024

پاکستان قائم رہنے کیلئے بنایا گیا، دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی، سرفراز بگٹی

پاکستان قائم رہنے کیلئے بنایا گیا، دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی، سرفراز بگٹی
August 23, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان قائم رہنے کے لیے بنایا گیا اور اسے دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔

بدھ کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد تنظیمیں ان کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم متحد ہے اور پورا معاشرہ پاکستان کو پرامن ملک دیکھنا چاہتا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ انتہا پسندی کے خلاف قومی بیانیہ اس حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بیانیے کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا جائے گا۔ نیکٹا تمام اداروں کو عملی حکمت عملی بنانے کے بعد رہنمائی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ قربانیاں دے کر مادر وطن کا دفاع جاری رکھیں گے اور دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔

نیکٹا کے آئی جی طاہر رائے نے سرفراز بگٹی کو سیکیورٹی صورتحال، نیشنل ایکشن پلان اور نیکٹا کی تنظیم نو پر بریفنگ دی۔