Thursday, March 28, 2024

پاکستان نیوی فلیٹ کی سالانہ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ کا انعقاد

پاکستان نیوی فلیٹ کی سالانہ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ کا انعقاد
December 29, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - سال کے اختتام پر کراچی میں پاکستان نیوی فلیٹ کی سالانہ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب میں بطور مہمان ِخصوصی شرکت کی۔ نیول چیف کی آمد پر کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے ان کا استقبال کیا اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیرالبحر نے پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور خطے کے بحری تحفظ اور پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے قومی و بین الاقوامی سمندری حدود میں دوطرفہ اور کثیرالملکی مشقوں کے کامیاب انعقاد پر افسران اور جوانوں کی لگن و پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

نیول چیف نے آپریشنل مقاصد مکمل کرنے اور پاکستان کی بحری راہداریوں کے تحفظ کے لیے پاکستان نیوی فلیٹ کی کوششوں اور تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے خصوصی اقتصادی زون، گوادر بندرگاہ اور سی پیک سے منسلک بحری پراجیکٹس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

نیول چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ خطے میں بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حقائق سے پوری طرح واقف ہے اور ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ امیرالبحر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی جیواسٹریٹیجک ماحول کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پاک بحریہ چوکنا ہے اور پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

قبل ازیں، اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے رواں سال کے دوران حاصل ہونے والی پاک بحریہ کی فلیٹ کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی جن میں متعدد میزائل فائرنگز، کثیر القومی مشقوں میں شرکت، انسانی ہمدردی اور آفات سے متعلق امدادی مشنز (ایچ اے ڈی آر)، بیرون ِملک تعیناتیوں اور فلیٹ یونٹس کے ذریعے کی جانے والی ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کا بالخصوص ذکر کیا۔

بعد ازاں، چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاکستان نیوی فلیٹ کے مختلف اسکواڈرنز کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس کو ایفیشنسی شیلڈز دیں۔