Friday, May 17, 2024

پاکستان نے نیوزی لینڈ کےخلاف بارہ سال بعد ون ڈے سیریز جیت لی

پاکستان نے نیوزی لینڈ کےخلاف بارہ سال بعد ون ڈے سیریز جیت لی
May 4, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان نےنیوزی لینڈ کو تیسرے ایک روزہ میچ میں 26 رنز سے شکست دے کر بارہ سال بعدسیریز اپنے نام کرلی۔

پاکستان نے پانچ میچوں کی سیریز 0-3 سے جیتی، نیوزی لینڈ کی ٹیم 288رنز کے ہدف کے تعاقب میں 261رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کا ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دینا اس کیلئے سودمند ثابت نہ ہوا، پاکستان نے مقررہ 50اوورز میں 6وکٹ کے نقصان پر 287رنز بنائے، لگاتار دو میچوں میں سنچری کرنے والے فخرزمان اس بار صرف 19رنز پر پویلین لوٹ گئے، امام الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 90رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، دونوں نے 108 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

نیوزی لینڈ کےمیٹ ہینری نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایڈم ملنے نے 2 اور کول میکونچی  نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں نیوزی لینڈ کے ٹام بلنڈل اور کول میکونچی کے علاوہ کوئی بھی بیٹر جم کر بیٹنگ نہ کر سکا، ٹام بلنڈل نے 65، جبکہ کول میکونچی نے45 گیندوں پر 64رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور محمد وسیم نے 2، 2 جبکہ آغا سلمان نے ایک وکٹ حاصل کی، پاکستانی فیلڈرز نے بہترین کارکردگی پر تین کھلاڑی رن آؤٹ کئے۔

امام الحق کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، سیریز کا چوتھا میچ 5 مئی اور آخری 7 مئی کو کراچی ہی میں کھیلا جائے گا۔