Saturday, May 4, 2024

پاکستان نے کورونا کا پھیلاو روکنے کیلئے مختلف ممالک کیلئے مختص کیٹگری بی اور سی ختم کر دی

پاکستان نے کورونا کا پھیلاو روکنے کیلئے مختلف ممالک کیلئے مختص کیٹگری بی اور سی ختم کر دی
January 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے کورونا کا پھیلاو روکنے کیلئے مختلف ممالک کیلئے مختص کیٹگری بی اور سی ختم کر دی۔

بیرون ممالک سے آنیوالے مسافروں کیلئے  ائیر ٹریول پالیسی تبدیل کر دی گئ۔ کیٹگری بی اور سی ممالک سے آنیوالوں کیلئے سفری پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔ کسی بھی ملک سے ویکسین شدہ ،غیر ملکی اور پاکستانی اب پاکستان آ سکتے ہیں۔ این سی او سی نے کیٹگری بی اور سی کو ختم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ این سی او سی کی ہدایت کے مطابق نئی ٹریول پالیسی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ۔ پاکستان آنے والے تمام مسافروں کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار د گئی۔ بورڈنگ سے 48 گھنٹے پہلے منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ دیکھنا لازمی ہو گا۔ یورپی ممالک سے آنے والے فلائٹس کے مسافروں کا سو فی صد ریپڈ ٹیسٹ کیا جائے گا۔ سعودی عرب ،عرب امارات اور قطر سے آنے والی کم از کم 50 فی صد فلائٹس کے مسافروں کا ریپڈ ٹیسٹ ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ریپڈ ٹیسٹ میں کورونا مثبت آنے والے مسافر 10 دن قرنطینہ کریں گئے۔ کورونا مثبت آنے والے مسافروں کا آٹھویں دن پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا۔ ویزہ کی مدت ختم ہونے والے ،غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی اور ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کو ویکسین سے استثنی حاصل ہو گا۔ میڈیکل وجوہات ،حاملہ خواتین اور 15 سے 18 سال کی عمر کے پاکستانیوں کو لازمی ویکسین پالیسی سے استثی حاصل ہو گا۔ 15 سے 18 سال کی عمر کے پاکستانی مسافروں کو 15 فروری تک بغیر ویکسین پاکستان آنے کی اجازت ہو گئی۔

نوٹیفیکشن میں کہا گیا تمام ائیر پورٹ پر ریپڈ ٹیسٹ کیٹس اور طبی عملے کی زیادہ سے زیادہ موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزرات نیشنل ہیلتھ سروسز ائیرپورٹس پر اضافی ہیلتھ اسٹاف کی تعیناتی یقینی بنائے۔ وفاق اور صوبائی انتظامیہ کرونا مثبت آنے والے مسافروں کی قرنطینہ ڈراپ تک ٹرانسپورٹ کو یقینی بنائے۔ وزرات خارجہ کو بیرون ممالک پاکستانی سفارت خانے اور ہائی کمشنز کو ترجہی بینادوں پر آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی۔