Sunday, May 5, 2024

پاکستان نے گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام پر بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

پاکستان نے گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام پر بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا
December 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان نے گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام پر بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل میں کہا ہے کہ اپنے بیان کے ساتھ بھارت نے 2002 کے گجرات قتل عام کی حقیقتوں سے چھپنے کی کوشش کی ہے۔ یہ بڑے پیمانے پر قتل، عصمت دری اور لوٹ مار کی شرمناک کہانی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ گجرات قتل عام کے ماسٹر مائنڈ انصاف سے بچ گئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ گجرات قتل عام کے ماسٹر مائنڈ اب بھارت میں اہم سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔ سمجھوتہ ایکسپریس حملے کے ماسٹر مائنڈ اور مجرموں کی بریت انصاف کے قتل عام کو ظاہر کرتی ہے۔ سمجھوتہ ایکسپریس حملے میں بھارتی سرزمین پر 40 پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ مذہبی اقلیتوں کو دھمکانے اور شدت پسندی کو بھارت بھر کی ریاستوں میں سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جبر کا مرتکب ہے۔ بھارتی دہشت گردی پر جاری ڈوزیئر میں موجود ثبوت دہشت گردانہ حملے میں بھارت کے ملوث ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔ شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ لاہور حملے کو بھارتی ریاست نے اکسایا، منصوبہ بندی کی اور اس کی مالی معاونت کی۔ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے بین الاقوامی پلیٹ فارمز کو شدت سے استعمال کر رہا ہے۔