Thursday, May 2, 2024

پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کا دہشتگردی پھیلانے سے متعلق بیان مسترد کردیا

پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کا دہشتگردی پھیلانے سے متعلق بیان مسترد کردیا
January 17, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کا بیان مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا بیان بھارتی قیادت کے پاکستان کے بارے میں جنون کی عکاسی کرتا ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا پاکستان پر دہشتگردی پھیلانے، بالاکوٹ حملے میں کڑا پیغام دینے کا بیان وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے سختی سے مسترد کردیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف جنون ہی انہیں بار بار ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے پر مجبور کرتا ہے۔ بھارت کو غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر، دیگر جگہوں پر ناکامیوں کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کی عادت ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان مخالفت ہندوستانی سیاست میں ایک طے شدہ طریقہ کار بن چکا ہے۔ مقامی سیاسی فائدے کے لیے پاکستان مخالف جذبات کو ہوا دینے کا رواج بند ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے چنائے میں تقریب کے دوران پاکستان پر دہشت گردی پھیلانے کے الزامات عائد کیے تھے۔