Tuesday, April 23, 2024

پاکستان کی بی جے پی کے عہدیدار کی طرف سے حضور اکرم ﷺکے خلاف توہین آمیز ریمارکس کی مذمت

پاکستان کی بی جے پی کے عہدیدار کی طرف سے حضور اکرم ﷺکے خلاف توہین آمیز ریمارکس کی مذمت
August 24, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے ایک اور عہدیدار کی طرف سے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کی شدید مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پچھلے تین مہینوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے کہ بی جے پی کے کسی سینئر لیڈر نے ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کیا ہے۔ ان انتہائی تضحیک آمیز ریمارکس سے پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ عہدیدار کے خلاف بی جے پی کی طرف سے کی گئی علامتی اور غیر موثر تادیبی کارروائی بھارت اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے درد اور غم کو دور نہیں کر سکتی۔ یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ راجا سنگھ کو گرفتاری کے چند گھنٹوں کے اندر ضمانت پر رہا کر دیا گیا اور بی جے پی کے لوگوں نے ان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بی جے پی کے ارکان کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے۔