Thursday, May 2, 2024

پاکستان میں سیلاب سے تباہی کا حجم بہت بڑا ہے، بلاول بھٹو

پاکستان میں سیلاب سے تباہی کا حجم بہت بڑا ہے، بلاول بھٹو
January 9, 2023 ویب ڈیسک

جنیوا (اے پی پی) - وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے تباہ کاریوں کا حجم بہت بڑا ہے، سیلاب کے پانچ ماہ بعد بھی کئی علاقے سیلاب کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جنیوا میں انٹرنیشنل کانفرنس آن ریزیلیئنٹ پاکستان کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا بیشتر علاقہ ابھی تک سیلاب کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے، سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے، ہولناک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے لئے اقدامات تاحال جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سات میں سے ایک شخص سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے بین الاقوامی کانفرنس کے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ آج اقوام عالم پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے اکٹھی ہوئی ہیں، آئندہ قدرتی آفات سے بچنے کے لئے پاکستان نے ایک فریم ورک بنایا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس جنیوا میں ہونے والی کانفرنس کی میزبانی کررہے ہیں۔

قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی کے بعد ملک کی تعمیر نو کے حوالے سے کانفرنس میں شریک ملکوں اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے علاوہ پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس نے بھی بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کیا۔