Sunday, September 8, 2024

پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل
January 25, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) تحریک انصاف کےاحتساب کے نعروں اور دعوؤں کو بڑا دھچکا لگ گیا، پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں کرپشن کی عالمی درجہ بندی رپورٹ جاری کردی۔

تحریک انصاف کی حکومت ملک میں کرپشن کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئی۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں کرپشن کی عالمی درجہ بندی رپورٹ جاری کردی۔

کرپشن کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی بدترین صورتحال سامنے آگئی۔ ملک میں درجنوں گرفتاریوں، نیب ریکوریز کے دعوؤں اور حکومتی پالیسیوں کے باوجود کرپشن میں کمی کے بجائے اضافہ ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے اسکور میں 3 پوائنٹس کی کمی آئی، 2021ء میں پاکستان صرف 28 پوائنٹس حاصل کرسکا جبکہ 2020ء میں پاکستان اکتیس پوائنٹس حاصل کئے تھے۔ کرپشن بڑھنے کی وجہ سے پاکستان عالمی رینکنگ میں 140 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کےمطابق کرپشن پرانڈیکس کے لئے ڈیٹا پی ٹی آئی دور حکومت کے دوران لیا گیا۔ انڈیکس اور جمہوریت کی اقسام کے ڈیٹا و رپورٹس کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ کرپشن کی عالمی درجہ بندی کےمطابق پاکستان میں بھارت اور سری لنکا سے بھی زیادہ کرپشن ہے۔

رپورٹ کے مطابق کرپشن بڑھنے کی بڑی وجہ قانون کی حکمرانی میں مسلسل کمی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کرپشن کی روک تھا کے لئے مربوط کوششیں بھی نہیں ہوئی ہیں۔ پاکستان میں قانون کی حکمرانی کے ساتھ شہری و شخصی آزادیوں کو بھی دھچکا پہنچا ہے۔ بدعنوانی کے خلاف مجموعی کوششیں جمود کا شکار ہیں۔

تحریک انصاف کےدوراقتدارکے پہلے برس کرپشن انڈیکس میں پاکستان کا اسکور32، دوسرے برس 31 اور اس سال 28 ہے یعنی ہربرس پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا۔ پاکستان نے اکنامسٹ انٹیلیجنس یونٹ کنٹری رسک سروس میں صرف 20 پوائنٹس حاصل کیے گزشتہ سال 37 پوائنٹس تھے۔

قومی خزانے کے غلط استعمال، سیاسی مقاصد کے لئے استعمال میں پاکستان کے پوائنٹس گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہوئے۔ رشوت لیکر عوامی معاہدے، لائسنسنگ، من پسند فیصلے سے متعلق سوال میں پاکستان نے اس سال 41 پوائنٹس لئے جبکہ گزشتہ سال 43 پوائنٹس لیے تھے۔