اسلام آباد (92 نیوز) - نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کہتے ہیں کہ پاکستان میں کوئی بحران نہیں، حالات مشکل ہیں لیکن جلد سرخرو ہوں گے۔
بدھ کے روز اینکر پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوچی سمجھی پلاننگ کے تحت بے یقینی اور مایوسی پھیلائی جا رہی ہے، تین چار سال میں پاکستان میں ساٹھ سے ستر ارب ڈالر سرمایہ کاری ہو گی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بجلی کے بلوں کے مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، اڑتالیس گھنٹے میں بجلی بلوں پر ریلیف کا اعلان کریں گے، فوج ایک یونٹ بھی مفت بجلی استعمال نہیں کرتی۔
نگراں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ پر سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی احترام کریں گے، دہشتگردی اور حساس معاملات کو مدنظر رکھ کر نادرا قوانین میں ترمیم کی گئی۔