Saturday, May 4, 2024

پاکستان میں اتنے برے معاشی حالات کبھی نہیں تھے، چودھری پرویز الہٰی

پاکستان میں اتنے برے معاشی حالات کبھی نہیں تھے، چودھری پرویز الہٰی
January 18, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ جب سے پاکستان بنا ہے اتنے برے معاشی حالات کبھی نہیں تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے 49 ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت اے ایس پی بیج نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے زیر تربیت پولیس افسروں سے گفتگو کی اور سوالوں کے جواب دئیے۔

چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ ، دوبارہ حکومت آئی تو پولیس ریفارمز کا ادھورا ایجنڈا مکمل کریں گے۔ ایف آئی آر ہر شہری کا حق ہے، جو ایف آئی آر نہیں کاٹے گا سزا کا مستحق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا رویہ بہتر ہونے سے معاشرے میں عزت بڑھے گی، تھانوں میں انسانی وقار کا تقدس ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہئے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈلیور کرنے والے افسر کو کوئی نہیں نکال سکتا۔ پولیس افسر اور ملازمین معاشرے کا اہم حصہ ہیں، عوام کی جتنی دعائیں لیں گے، اتنی ہی عزت ہوگی۔ پولیس کوجرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے ڈرونز اور دیگر جدید آلات دئیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ طاقت کا استعمال آخری آپشن ہونا چاہیے، مذاکرات اور گفت و شنید سے معاملات حل کئے جانے چاہئیں۔