Wednesday, April 24, 2024

پاکستان میں اقلیتوں کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کا حق ہے، صدر مملکت

پاکستان میں اقلیتوں کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کا حق ہے، صدر مملکت
August 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے پاکستان میں اقلیتوں کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کا حق ہے۔

پاکستان میں آج سرکاری سطح پر اقلیتوں کا دن منایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناح ؒکے وعدے کی یاد دلاتا ہے کہ قوم کے ہر فرد کو مذہبی عقیدے سے مساوی حقوق اور آزادی حاصل ہو گی۔ پاکستان میں اقلیتیں زندگی کے تمام شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ تعلیم، صحت اور سماجی بہبود سمیت مختلف شعبوں میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتا ہوں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتی  برادری  رواداری ، باہمی اتفاق  کی فضا  کو فروغ  دینے کے لیے کردار  ادا کرتی رہے ۔ ۔بین المذاہب اور امن کو فروغ دینے کا یہی واحد رستہ ہے ۔ پاکستان بلا کسی تفریق کے ہم سب کا ہے اور ہم سب نے مل کر ہی اسکی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی کوشش جاری رکھنی ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ آئین کی رو سے پاکستان میں مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر کسی طرح کے امتیازی سلوک کی کوئی گنجائش نہیں۔ حکومت پاکستان تمام شہریوں کو برابر سمجھتی ہے۔ نظریہ پاکستان کی اساس  مذہبی آزادی، مساوات اور سماجی انصاف ہے۔