Friday, April 19, 2024

پاکستان مشکل معاشی حالات سے کامیابی سے باہر نکل آئے گا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

پاکستان مشکل معاشی حالات سے کامیابی سے باہر نکل آئے گا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر
March 8, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کاروباری افراد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان مشکل معاشی حالات سے کامیابی سے باہر نکل آئے گا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پیر کو ملک کی کاروباری شخصیات سے ملاقات کی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی موجودگی میں انہیں یقین دہانی کرائی کہ پاکستان مشکل معاشی حالات سے کامیابی سے باہرنکل آئے گا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل چکا ہے، ملک ترقی کرے گا اورہم ایک خوشحال قوم بن کر ابھریں گے۔

سپہ سالار نے کہا کہ قوم پر مشکلات آتی ہیں اور ہمیں مشکل حالات کا سامنا ہے، بدتر حالات پیچھے چھوڑ چکے اور ہم قائم و دائم رہیں گے۔ پاکستان موجودہ امتحان میں کامیاب ہو جائے گا۔

اس موقع پروزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف کی تمام پیشگی شرائط پوری کردیں، چند روز میں ہی معاہدہ ہو جائے گا۔ دوست ممالک نے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وعدے کیے ہیں۔ حکومت کو توقع ہے کہ ان ممالک سے پیشگی سرمایہ ملے گا۔