پاکستان معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، شہباز شریف

اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے پاکستان معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں منی بجٹ پر بحث جاری رہی۔ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے دوسرے روز بھی حکومت پر نان سٹاپ تنقید کی۔ انہوں نے کہا اس حکومت نے صرف یوٹرن میں مہارت حاصل کی۔ عوام پر تین سو پچاس ارب کا مزید ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔ اسد عمر، حفیظ شیخ ،شوکت ترین نے ملکر عوام پر 1700 ارب کے ٹیکس لگائے۔ منی بجٹ سے عوام کی جیب خالی ہو گئی۔
اپنے خطاب میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا انہوں نے میثاق معیشت کی بات کی تھی، آج وزیرخزانہ بھی یہی بات کر رہے ہیں۔ پاکستان معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ۔ منی بجٹ سے مہنگائی آسمان کو چھوئے گی۔
شہباز شریف نے کہا حکومت نے ملکی معیشت گروی رکھ دی۔ پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا جا رہا ہے۔ کشکول پکڑ کر ایٹمی پروگرام کیسے بچائیں گے؟ قائداعظم کی روح تڑپ رہی ہو گی۔