Saturday, May 18, 2024

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب کو حج کوٹہ واپس

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب کو حج کوٹہ واپس
May 6, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب کو حج کوٹہ واپس کردیا گیا۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج کوٹہ واپس نہ کیا جاتا تو رہائش گاہوں کے کرائے اور دیگر اخراجات کی مد میں 24 ملین ڈالرز اضافی ادا کرنے پڑتے۔

ملک میں بڑھتی مہنگائی، روپیہ کی قدر میں مسلسل گراوٹ سے رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکی، مہنگائی کے باعث پاکستانیوں نے مقررہ کوٹے سے کم حج درخواستیں جمع کرائیں۔

کم درخواستیں موصول ہونے پر پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب کو حج کوٹہ واپس کردیا، ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکیم کے تحت 8 ہزار عازمین کیلئے ملنے والا کوٹہ واپس کیا گیا ہے۔

ذرائع وزارت مذہبی امور نے 92 نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ اگر حج کوٹہ واپس نہ کیا جاتا تو حکومت کو رہائش گاہوں کے کرایہ اور دیگر اخراجات کی مد میں 2 کروڑ، 40 لاکھ ڈالرز ادا کرنے پڑتے، پاکستان کو رواں سال کئی برس بعد ایک لاکھ، 79ہزار کا حج کوٹہ ملا تھا۔