پاکستان کی جانب سے بھارت میں مسلم خواتین کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کی جانب سے بھارت میں مسلم خواتین کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا بھارت میں ہراسگی کے لیے انٹرنیٹ اور آن لائن اپلیکیشن کا استعمال انتہائی قابل مذمت ہے۔ خواتین کی تذلیل، ہراساں کرنا، ان کی توہین انتہائی ناگوار اور نفرت انگیز عمل ہے۔ مسلم خواتین کی تبدیل شدہ جعلی تصاویر کی انٹرنیٹ ایپلی کیشن پر "نیلامی" اشتعال انگیز ہے۔ نفرت پھیلانے والوں نے قریباً 100 بااثر مسلم خواتین پر جارحانہ تبصروں سے "بولی" لگا کر وقار پر حملہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارت میں اقلیتوں کے خلاف نفرت پر مبنی پرتشدد حملوں کا یہ نیا طریقہ ہے۔ ان خوفناک واقعات نے مسلم خواتین کو شدید صدمے، گہرے خوف میں مبتلا کر دیا۔ بھارت میں ہندوتوا سوچ کے باعث اقلیتوں خصوصاً مسلم آبادی کے لیے جگہ سکڑتی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی نہ ہونا بھی قابل مذمت ہے۔ بھارت میں بڑھتے زینو فوبیا، اسلامو فوبیا، اقلیتوں کے خلاف پرتشدد حملوں کو روکا جائے۔ بین الاقوامی دنیا اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اقلیتوں کا تحفظ، سلامتی اور بہبود یقینی بنائے۔