Wednesday, April 24, 2024

پاکستان کی بیٹنگ چلی نہ باؤلنگ، انگلینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مات دے دی

پاکستان کی بیٹنگ چلی نہ باؤلنگ، انگلینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مات دے دی
September 21, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - پاکستان کی بیٹنگ چلی نہ باؤلنگ چل سکی۔ انگلینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مات دے دی۔

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف سات میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ انگلش ٹیم نے پہلا ٹی ٹوئنٹی بآسانی جیت لیا۔

انگلش کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم اچھا آغاز ملنے کے باوجود  بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور 7 وکٹوں پر 158 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی طرف سے محمد رضوان 68، کپتان بابراعظم 31 اور افتخار احمد 28رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے شان مسعود 7 رنز بنا سکے ۔

159رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش بلے بازوں نے پاکستانی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی۔ انگلینڈ نے بآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا۔ الیکس ہیلز نے 53 اور ہیری بروک نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگزکھیلی۔

پاکستان  کی طرف سے صرف چار کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے۔ پاکستان اور انگلینڈ میں سیریز کا دوسرا  میچ 22 ستمبر کو کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔