Sunday, May 5, 2024

پاکستان کی بھارت سے متعلق پالیسی واضح ہے، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان کی بھارت سے متعلق پالیسی واضح ہے، ترجمان دفتر خارجہ
January 19, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کی بھارت سے متعلق پالیسی واضح ہے۔

جمعرات کو یہاں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان، بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتا ہے، بھارت ایسا ماحول پیدا کرے جس سے واضح ہو کہ وہ دہشتگردی میں ملوث نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ہونے والے سرحد پار دہشت گردانہ حملے کی مکمل تحقیقات کو یقینی بنائیں اور ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایرانی سرزمین کو پاک ایران سرحد پر گشت کرنے والے سکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ ایران اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اس کی سرزمین پاکستان میں سرحد پار حملوں کے لیے استعمال نہ ہو۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پختہ عزم کرتے ہیں کہ ہماری سرزمین ایران میں سرحد پار حملوں کے لیے استعمال نہیں کی جائے گی اور ہم ایران سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران پڑوسی ہیں اور ہمارا رابطہ چینل فعال ہے۔ ہم اس واقعے کے حوالے سے اپنے تحفظات ایرانی فریق کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بھارت سمیت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔ ہم نے جموں و کشمیر کے بنیادی تنازعہ سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے تعمیری مشغولیت کی مسلسل وکالت کی ہے تاہم، بھارت کی بلا روک ٹوک دشمنی اور رجعت پسندانہ اقدامات نے ماحول کو خراب کیا ہے اور امن اور تعاون کے عمل میں رکاوٹ ڈالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بامقصد اور نتیجہ خیز بات چیت کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کرنے کی ذمہ داری ہندوستان پر باقی ہے۔ غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019ء کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کا رد عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بین الاقوامی برادری خصوصاً دوست ممالک بھارت کو ایسے اقدامات کرنے پر راضی کریں گے تو پاکستان بھی اس کی تعریف کرے گا۔