Thursday, April 18, 2024

پاکستان کی 44ویں شطرنج اولمپیاڈ کو سیاسی رنگ دینے کی بھارت کی کوششوں کی مذمت

پاکستان کی 44ویں شطرنج اولمپیاڈ کو سیاسی رنگ دینے کی بھارت کی کوششوں کی مذمت
July 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (کے ایم ایس) - پاکستان نے چنائی بھارت میں منعقد ہونے والے 44ویں شطرنج اولمپیاڈ کو سیاسی رنگ دینے کی بھارتی کوششوں کی مذمت کی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو انٹرنیشنل چیس فیڈریشن نے بھارتی شہر چنائی میں منعقد ہونے والے مقابلوں میں شرکت کی دعوت دی تھی ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے ٹارچ ریلے کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر سے گزارا گیا ہے۔ مشعل ریلے کو مقبوضہ وادی سے گزار کر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو نظر انداز کرکے بھارت نے عالمی برادری کو دھوکہ دیا اور شطرنج اولمپیاڈ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جس پر بطور احتجاج پاکستان نے 44ویں شطرنج اولمپیاڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس معاملے کو انٹرنیشنل چیس فیڈریشن کے ساتھ بھی اعلیٰ سطح پر اٹھایا جائے گا۔ 28 جولائی سے 10 اگست تک چنائی میں 44ویں شطرنج اولمپیاڈ منعقد ہو گا جس کیلئے پاکستانی دستہ پہلے ہی اس ایونٹ کے لیے تربیت کر رہا تھا لیکن افسوس کی بات ہے کہ بھارت نے اس بین الاقوامی کھیلوں کے ایونٹ کو سیاسی رنگ دینے کا انتخاب کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان بین الاقوامی طور پر ایک تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور مقبوضہ کشمیر پر 1947 سے بھارت نے جبری اور غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے ۔ یہ تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے حل طلب تنازعات کی فہرست میں بھی سات دہائیوں سے زائد عرصے سے موجود ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ اس طرح کے اشتعال انگیز اور ناقابل دفاع اقدامات کے ذریعے جموں وکشمیر پر اس کے ناجائز قبضے کو درست ثابت نہیں کیاجاسکتا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی برادری سے بھی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں بند کرانے کا پرزورمطالبہ کرتا ہے۔