Saturday, May 18, 2024

پاکستان کرکٹ ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار ون ڈے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار ون ڈے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی
May 6, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پاکستان کرکٹ ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار ون ڈے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی، دوسری جانب بابر اعظم نے سب سے کم اننگز میں 18 سنچریوں کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

پاکستان آئی سی سی ونڈے رینکنگ میں پہلی بار پہلے نمبر پر آگیا۔۔۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں فتح کے بعد پاکستان کے مجموعی ریٹنگ پوائنٹس 113.483 ہوگئے ہیں۔ آسٹریلیا کے ریٹنگ پوائنٹس 113.286 جبکہ بھارت کے ریٹنگ پوائنٹس 112.638 ہیں۔ پاکستان کو ملنے والی پوزیشن کو برقرار رکھنے کیلئے آخری میچ میں بھی لازمی فتح درکار ہے۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم نے بھی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔۔بابر نے سب سے کم اننگز میں اٹھارہ سینچریوں کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کیخلاف جاری سیریز کے چوتھے ون ڈے میں 100 سے کم اننگز میں 5 ہزار رنز کرنے والے بیٹر کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ بابر 97 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو اہم کامیابی پر مبارکباد دی ۔ اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے لکھا کہ آج کا دن پاکستان کیلئے عظیم ہے۔ بابرا عظم نے بھی ریکارڈ بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔