Friday, April 19, 2024

پاکستان کو موجودہ نہج پر عمران خان نے پہنچایا، جاوید لطیف

پاکستان کو موجودہ نہج پر عمران خان نے پہنچایا، جاوید لطیف
January 22, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وفاقی وزیر جاوید لطیف کا کہنا ہے پاکستان کو موجودہ نہج پر عمران خان نے پہنچایا۔

اتوار کے روز ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ کو 2011 میں لانچ کیا گیا، چار سال ان کی سرعام سہولت کاری کی گئی۔ بتائیں عمران خان کو آج بھی مقبول رکھنے کی کس کی ضرورت ہے۔ لوگ کہتے ہیں ہم انکی حکومت نہ گراتے تو عمران خان کو آئندہ الیکشن کیلئے ایک امیدوار تک نہ ملتا۔

جاوید لطیف نے کہا کہ اب بات ٹروتھ کمیشن سے بھی آگے بڑھ گئی ہے۔ 2017ء میں کسی کی خواہش پر نوازشریف کو ہٹایا گیا، کیا نوازشریف بار بار ملک کے لیے قربانی دیتے رہیں گے؟ قائد نون لیگ نے نہ پہلے کبھی گارنٹی مانگی نہ اب کسی سے گارنٹی چاہتے ہیں۔ سزا دینے والوں کوعبرت کا نشان بناکر نواز شریف کو واپس لانا ہوگا۔

مزید کہا کہ 5 کرداوں نے ریاست کو بے پناہ نقصان پہنچایا جس دن پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کا اعلان ہو گا نواز شریف کی واپسی کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ بتایا جائے معیشت کیوں نہیں سنبھل رہی۔