Wednesday, April 24, 2024

کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر قاتلانہ حملہ، داعش نے ذمہ داری قبول کر لی

کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر قاتلانہ حملہ، داعش نے ذمہ داری قبول کر لی
December 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر قاتلانہ حملہ کی دہشتگرد تنظیم داعش نے دہشتگرد حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

کابل میں پاکستان کے ہیڈ آف مشن پر حملے میں دفتر خارجہ کا بیان سامنے آگیا۔ ترجمان دفتر خارجہ زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ دو دسمبر کو ہونے والے پاکستانی سفارت خانے پر حملے کے دعوے کی رپورٹس دیکھی ہیں، افغان حکومت اور آزاد ذرائع کے ذریعے رپورٹس کی تصدیق کر رہے ہیں۔ حملہ افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کے لئے خطرہ کی نشاندہی کر رہا ہے، اس لعنت کو شکست دینے کے لیے ہمیں اپنی تمام تر اجتماعی طاقت کے ساتھ عزم سے کام لینا چاہیے۔ پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کے کابل میں سفارتخانہ کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پاکستان کے جلال آباد، قندھار، ہرات اور مزار شریف میں قونصلیٹس کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ زخمی گارڈ سپاہی اسرار کمبائنڈ ملٹری اسپتال پشاور میں زیر علاج ہے۔ اسرار کی حالت بہتر اور ڈاکٹرز پر امید ہیں۔

واضح رہے کہ گارڈ سپاہی اسرار ناظم الامور عبید الرحمن نظامانی کو بچاتے گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا تھا۔ زخمی گارڈ کو تین گولیاں لگی تھیں۔