Saturday, May 4, 2024

پاکستان کے آگے نہ بڑھنے کی وجہ قانون کی حکمرانی کا فقدان ہے، وزیراعظم

پاکستان کے آگے نہ بڑھنے کی وجہ قانون کی حکمرانی کا فقدان ہے، وزیراعظم
January 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے پاکستان کے آگے نہ بڑھنے کی وجہ قانون کی حکمرانی کا فقدان ہے۔

جمعرات کے روز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں اشرافیہ اور عام آدمی کیلئے الگ الگ قانون ہے، عام آدمی جیلوں میں بھرے ہوئے ہیں، فوجداری قانون میں اصلاحات سے طاقتور کو قانون کے نیچے لایا جائے گا۔ خواتین کو جائیداد میں حصہ دلوانے کیلئے بھی اصلاحات کی ہیں، بہترین اصلاحات لانے پر وزیرقانون فاروغ نسیم کو مبارک باد پیش کرتاہوں۔

عمران خان مزید بولے رول آف لا کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ وزیراعظم نے عدلیہ اور وکلاء سے قانونی اصلاحات پر عملدرآمد کرنے کی اپیل کردی۔

اُنہوں نے کہا اس سے قبل کسی نے مدینہ کی فلاحی ریاست کا تصور نہیں دیا، مفت صحت کی سہولیات فراہم کرنا فلاحی ریاست کی جانب اہم قدم ہے۔ انصاف اور تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، سرکاری اسکول سسٹم کمزور اور پرائیویٹ تعلیمی سسٹم مضبوط ہوتا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ 90 لاکھ اوورسیز پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، اگر اوورسیز پاکستانیز نے ملک میں سرمایہ کاری شروع کردی تو آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ رول آف لا نہ ہونے کی وجہ سے اوورسیزپاکستانی ملک میں انویسٹ نہیں کرتے۔ ریکوڈ کیس میں پاکستان کو 6ارب ڈالر کا جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ عالمی رینکنگ میں سوئزرلینڈ رول آف لا میں پہلے نمبر پر ہے، باہر کے ممالک میں کوئی قبضہ مافیا نہیں، انصاف کی حکمرانی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا طاقتور کو قانون کی حکمرانی میں لانا بہت بڑا جہاد ہے، ٹیکنالوجی کی بدولت آج امپائر نیوٹرل فیصلے کرتے ہیں۔ کمزور کو انصاف ملنے سے ریاست میں برکت آتی ہے، جو معاشرہ نبی کریم ﷺ کی سیرت پر چلے گا وہاں اللہ برکت عطا فرمائیں گے۔