Friday, April 26, 2024

پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست دو ہزار انیس کے غیرقانونی اقدام واپس لینے کا مطالبہ

پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست دو ہزار انیس کے غیرقانونی اقدام واپس لینے کا مطالبہ
November 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست دو ہزار انیس کے غیرقانونی اقدام واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کا 41 واں جائزہ اجلاس ہوا جس میں بھارت بارے چوتھے عالمی متواتر جائزے پر غور کیا گیا۔

اقوم متحدہ انسانی کونسل اجلاس سے خطاب میں پاکستانی تھرڈ سیکرٹری دانیال حسنین نے کہا کہ بھارت بارے چوتھے متواتر عالمی جائزے میں انسانی حقوق خلاف ورزیوں کو بڑے پیمانے پر درج کیا گیا ہے۔ گزشتہ جائزے کے دوران اقوام متحدہ خصوصی مینڈیٹ ہولڈرز کو مقبوضہ کشمیر نہیں جانے دیا گیا۔

پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات واپس لے۔ مقبوضہ جموں کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا مکروہ سلسلہ بند کیا جائے۔ تنازعہ کشمیر پر سلامتی کونسل قراردادوں پر عمل درآمد، بین الاقوامی قانون سے وابستگی کا مظاہرہ کیا جائے۔

دانیال حسنین گوندل کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ چارٹر کا آرٹیکل 25 سلامتی کونسل قراردادوں پر عملدرآمد کا تقاضا کرتا ہے۔ انسانی حقوق کونسل کی کشمیر رپورٹس میں دی گئی سفارشات کو قبول کیا جائے۔ انسانی حقوق کونسل دفتر، آزاد مبصرین کو مقبوضہ خطے تک رسائی دی جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامالیاں بند، سیاسی قیدیوں، صحافیوں، انسانی حقوق کارکنان رہا کیے جائیں۔