Friday, April 26, 2024

پاکستان کا بنیادی بحران سیاسی، خمیازہ معیشت بھگت رہی ہے، اسد عمر

پاکستان کا بنیادی بحران سیاسی، خمیازہ معیشت بھگت رہی ہے، اسد عمر
December 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کہتے ہیں کہ پاکستان کا بنیادی بحران سیاسی، خمیازہ معیشت بھگت رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں اسد عمر نے بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مختلف ذرائع سے ڈالرز کمانے اور نوکریاں پیدا کرنے کو اپنی معاشی حکمت عملی کی بنیاد بنایا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں دو گنا، صحت تین گنا اور ماحولیات میں 17 گنا زیادہ فنڈز خرچ کیے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ تین سال تحریک انصاف اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان تعمیری ورکنگ ریلیشن شپ رہا۔ سول و عسکری اداروں کے مابین اشتراک کا براہِ راست فائدہ ملک کو ہوا۔۔کوئی وجہ نہیں کہ اسٹیبلشمنٹ سے جو معاونت ہمیں حاصل تھی وہ موجودہ حکومت کو حاصل نہیں۔

سب جانتے ہیں کہ جنرل (ر) باجوہ نے امریکی انتظامیہ سے آئی ایم ایف کے معاملے میں مدد مانگی۔ اسٹیبلشمنٹ کا سیاسی کردار تنقید کی زد میں آتا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ ہم نے آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر مزاحمت کی اور آخری روز تک اس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ مزاحمت کی شکل تبدیل ہوتی رہتی ہے، اگلا مرحلہ اسمبلیوں کی تحلیل کا ہے ۔۔اراکین اسمبلی اسپیکر کے پاس جا رہے ہیں کہ ان کے استعفے منظور کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اقتدار میں رہی تو ملک کو مذید نقصان ہوگا۔

 پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری نے ٹویٹ کیا کہ پی ڈی ایم کی لیڈرشپ کے چہرے عوام کے ولن ہیں، ادارے عوام مخالف قوتوں کے ساتھ کھڑے نہ ہوں۔