Friday, April 26, 2024

پاکستان، ایل او سی کے دونوں جانب اور دنیا بھر کے کشمیری آج یوم استحقاق منا رہے ہیں

پاکستان، ایل او سی کے دونوں جانب اور دنیا بھر کے کشمیری آج یوم استحقاق منا رہے ہیں
August 5, 2022 ویب ڈیسک

سری نگر (92 نیوز) - مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی اقدام کے تین سال مکمل ہونے پر پاکستان، کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی آج یوم استحصال کشمیر منارہے ہیں۔

مودی کے بھارت نے پانچ اگست دو ہزارانیس کو مقبوضہ کشمیر پر شب خون مارا۔ اسرائیلی طرز پر غیر قانونی مقبوضہ علاقے پر یکطرفہ اور غاصبانہ ہتھکنڈوں کا آغاز کیا۔

بھارت کشمیر میں آبادی کا تناسب اور جغرافیائی ہیئت بدلنے کے منصوبے پر بھی عمل پیرا ہے۔ بیالیس لاکھ غیر کشمیریوں کو کشمیر کے ڈومیسائل جاری کر دیئے۔

5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کیخلاف پاکستانی اور کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔

وزارت خارجہ کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ معروف گلوکار زوہیب ضیاء نے کشمیر پر خصوصی ملی نغمہ جلتا ہے کشمیرپیش کیا۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کی قیادت میں ریلی شاہراہ دستور سے ہوتی ہوئی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچی، ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخاراحمد، وزارت خارجہ کے اعلیٰ افسران، سفارتکار، ملازمین، سول سوسائٹی کے ارکان بھی ریلی کا حصہ تھے۔

سیکرٹری خارجہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے مشیرامور کشمیر قمرزمان کائرہ اور وزیردفاع خواجہ آصف کو کشمیر سے متعلق خصوصی یادگاریں پیش کیں۔