Saturday, April 20, 2024

پاکستان اس وقت تباہ کن مون سون کا شکار ہوا ہے، شہباز شریف

پاکستان اس وقت تباہ کن مون سون کا شکار ہوا ہے، شہباز شریف
September 24, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے پاکستان اس وقت تباہ کن مون سون کا شکار ہوا ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے یواین جنرل اسمبلی کے 77 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے دنیا کو آگاہ کیا۔ مسئلہ کشمیر کے فوری حل پر زور دیا۔ مقبوضہ وادی میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی۔ بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی۔ خطے کو درپیش چیلنجز اور مسائل کے حل میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے تباہی نے ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب کر دیا۔ پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان میں تباہی یہاں کے لوگوں کی وجہ سے نہیں ہوئی۔

مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے امن عمل متاثر ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔  

دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے عوام کی مدد سے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی۔ پاکستان نے عالمی امن کے لئے قربانی دی ہے۔

اسلاموفوبیا پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی مسلمان دنیا سے سب سے ذیادہ اسلاموفوبیا کا شکار ہیں۔ ہندوانتہاپسند مذہبی تعصب کی بنیاد پر مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 650 عورتوں نے سیلاب میں بچوں کو جنم دیا اور ابتدائی اندازے کے مطابق 4 ملین ایکٹر فصل تباہ ہوئی ہے۔ عالمی درجہ حرارت میں اصافے کے ایسے اثرات پاکستان نے کبھی نہیں دیکھے۔ پاکستانی عوام انصاف چاہتی ہے۔