قطر کا پورٹ قاسم میں بننے والے نجی ایل این جی ٹرمینل میں شیئر ہولڈر بننے کا اعلان

اسلام آباد (92 نیوز) قطر نے پورٹ قاسم میں بننے والے نجی ایل این جی ٹرمینل میں شیئر ہولڈر بننے کا اعلان کردیا۔
معاہدے پر دستخط جنوری کے آخر میں قطری وزیر کے دورہ پاکستان پر ہوں گے۔ وفاقی وزیرِبحری اُمور علی زیدی اور قطر کے وزیرمملکت برائے توانائی و سی ای او قطر انرجی سعد شیریدہ الکعبی نے ویڈیو کانفرنس میں اتفاق کیا۔
وفاقی سیکریٹری بحری امور، سیکریٹری پٹرولیم، چیئرمین اوگرا اور دیگر بھی ویڈیو کانفرنس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر قطری وزیر سعد شیریدہ الکعبی نے پورٹ قاسم میں نجی ایل این جی ٹرمینل میں شیئر ہولڈر بننے کا اعلان کیا۔ قطر انرجی پورٹ قاسم پر قائم کیے جانے والے نجی شعبے کے ایل این جی ٹرمینل میں شیئر ہولڈر ہوگی۔
قطری وزیر الکعبی دورہ پاکستان میں معاہدے پر دستخط کریں گے۔ ایل این جی سیکٹر میں قطر نے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔