Sunday, May 19, 2024

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا کراچی ٹیسٹ ڈرا

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا کراچی ٹیسٹ ڈرا
December 30, 2022 ویب ڈیسک

کراچی ( ویب ڈیسک) - پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا کراچی ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔

کراچی ٹیسٹ کے آخری اور پانچویں روز پاکستان نے دوسری اننگز 311 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئیر کی۔ قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 138 رنز کا ہدف دیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر امام الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، وہ 96 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد 53 رنز بناکر آؤٹ ہے جبکہ شکیل سعود 55 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

اوپنر عبداللہ شفیق 17، کپتان بابراعظم 14، شان مسعود 10، نعمان علی 4، آغا سلمان 6، محمد وسیم 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ میر حمزہ 3 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب لیگ سپنر ایش سودی نے 6 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، مائیکل بریسویل کے حصے میں 2 وکٹ آئے۔

پانچویں اور آخری روز نیوزی لینڈ کی ٹیم کو جیت کے لیے 138 رنز درکار تھے، تاہم آخری روز کھیل ختم ہونے پر مہمان ٹیم نے ایک وکٹ پر 61 رنز بنائے تھے۔ پاکستانی لیگ سپنر ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کراچی ٹیسٹ بغیر کسی نتیجہ ختم ہوگیا۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، نیوزی لینڈ نے جواب میں اپنی پہلی اننگز 612 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ڈکلیئیر کی اور اسے پہلی اننگز میں 174 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ پاکستان نے دوسری اننگز 311 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئیر کی۔

نیوزی لینڈ کے بلے باز کین ولیمسن کو پہلی اننگز میں ڈبل سنچری سکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 2 جنوری کو کھیلا جائے گا۔