Thursday, March 28, 2024

پاکستان اور نیوزی لینڈ کا دوسرا ٹیسٹ اور سیریز بھی ڈرا

پاکستان اور نیوزی لینڈ کا دوسرا ٹیسٹ اور سیریز بھی ڈرا
January 6, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - پاکستان اور نیوزی لینڈ کا دوسرا ٹیسٹ اور سیریز بھی ڈرا ہوگئی۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں 319 رنز کے ہدف میں 9 وکٹوں پر 304 رنز بنائے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ سنسنی خیز مرحلے کے بعدبے نتیجہ ختم ہو گیا۔ کم روشنی کے باعث میچ کو 3 اوورز قبل ختم کرنا پڑا تو پاکستان کو جیت کیلئے 15 رنز اور نیوزی لینڈ کو ایک وکٹ درکار تھی۔

پاکستان کی دوسری اننگز میں سرفراز احمد کے علاوہ کوئی بھی بیٹر نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، جب پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 80 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی تو سرفراز احمد نے سعود شکیل کے ساتھ مل کر نہ صرف چھٹی وکٹ کیلئے 123 رنز کی شراکت داری قائم کی بلکہ انہوں نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 118 رنز بنا کر بھی پاکستان کو شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا، یہ سرفراز احمد کی ٹیسٹ کیریئر میں چوتھی سنچری تھی۔

پاکستان نے آخری روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز 2 وکٹوں پر بغیر کسی رن سے کیا تو کوئی بھی بیٹر کیوی باؤلرز کے سامنے جم کر بیٹنگ نہ کر سکا، امام الحق 12، کپتان بابر اعظم 27، شان مسعود 35، سعود شکیل 32 اور آغا سلمان 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ٹم ساؤتھی اور ایش سوڈھی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

سرفراز احمد ٹیسٹ میچ کی دو اننگز میں 196 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے جبکہ دو میچوں کی سیریز میں مجموعی طور پر 335 رنز بنا کر پلیئر آف دی سیریز بھی قرار پائے۔