Sunday, May 19, 2024

پاکستان کی آئی ایم ایف جائزہ مشن کو شرائط پوری کرنے کی یقین دہانی

پاکستان کی آئی ایم ایف جائزہ مشن کو شرائط پوری کرنے کی یقین دہانی
January 31, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان نے آئی ایم ایف جائزہ مشن کو شرائط پوری کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ حکومت نے مطالبات پر عملدرآمد کے لیے وقت مانگ لیا۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے آئی ایم ایف مشن ہیڈ نیتھن پورٹر کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کی جانب سے نویں اقتصادی جائزے کی تکمیل کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اسحاق ڈار نے وفد کو معاشی صورتحال پر بریفنگ دی، اسحاق ڈار نے کہا ماضی میں بھی آئی ایم ایف کا پروگرام کامیابی سے مکمل کیا تھا، موجودہ قرص پروگرام بھی مکمل کریں گے، معاشی اصلاحات کے لیے پر عزم ہیں۔

وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ معاہدے کو مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، گیس سیکٹر کے گردشی قرضے ختم کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی ہے۔ توانائی شعبے میں اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں۔

آئی ایم ایف مشن چیف نیتھن پورٹر نے کہا، اُمید ہے حکومت پاکستان نویں جائزے کی تکمیل کے لیے شرائط پر پورا اترے گی۔ توقع ہے کہ پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات کے لیے پیش رفت جاری رکھے گا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے پروگرام مقررہ وقت میں موثر طور پر مکمل ہوگا۔ مالی اصلاحات کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

ادھر دوسری جانب آئی ایم ایف کے وفد نے وفاقی وزیرِ توانائی خرم دستگیر سے ملاقات کی، وفد کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور سرکلر ڈیٹ میں کمی کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر نے اگلے ماہ سے بجلی 4 روپے 46 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرائی، ٹیرف میں فوری اضافے کی تجویز زیرِ غور نہیں۔