Monday, January 30, 2023

پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر
December 31, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کراچی کا دورہ، پاکستان نیول اکیڈمی کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب، کہا کہ پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، پاکستان کو درپیش اقتصادی اور دہشت گردی کے چینجلز سے نمٹنے کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

نیول اکیڈمی کراچی میں 118 ویں مڈشپ مین اور 26 ویں شارٹ سروس کمیشن کی پاسنگ آوٹ پریڈ تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر مہمان خصوصی تھے۔ آرمی چیف کی آمد پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ان کا استقبال کیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پاس آئوٹ ہونیوالے ملکی اور دوست ممالک کے کیڈٹس کو تربیت مکمل کرنے اور ملکی میری ٹائم سرحدوں کے محافظ بننے پر انہیں مبارکباد دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ میری ٹائم امور مسلسل بدل رہے ہیں، مستقبل میں نیوی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، نیوی کو پیشہ ورانہ مہارتوں اور جدید رجحانات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، آرمی چیف نے زور دیا کہ نوجوان افسران بطور مستقبل کی قیادت اپنے طرز عمل، کردار، پیشہ ورانہ مہارت پر توجہ مرکوز کریں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے، لیفٹیننٹ کاشف عبدالقیوم کو مجموعی بہترین کارکردگی پر قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا جبکہ مڈشپ مین نوفیل ملک کو مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا، بعدازاں آرمی چیف جنرل سید عاصم کا ملیر گیریژن کراچی کا بھی دورہ کیا، یادگار شہدا پر حاضری، پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی، کراچی کور اور رینجرز کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے جدید جنگی رجحانات اور تقاضوں پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔