Friday, April 26, 2024

پاکستانی اوپنرز نے تاریخی ٹیسٹ کو یادگار بنا دیا

پاکستانی اوپنرز نے تاریخی ٹیسٹ کو یادگار بنا دیا
October 14, 2016
لاہور (92نیوز) سنچری میکر اظہر علی اور سمیع اسلم نے دبئی میں تاریخ کی طویل ترین اوپننگ پارٹنرشپ قائم کر دی۔ شاہینوں نے دبئی میں چارسویں میچ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ پر دو سو اناسی رنز بنا لیے۔ اظہر علی ایک سو چھیالیس اور اسد شفیق تینتیس رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا چارسواں ٹیسٹ میچ دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ اسے ایشیا کا پہلا جبکہ کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز دونوں پہلا ڈے اینڈنائٹ ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے اور ٹاس جیتنے کا اعزاز مصباح الحق کو حاصل ہے جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر ہیں۔ اظہر علی کے کیرئیر کا یہ پچاسواں ٹیسٹ ہے جس میں انہوں نے اپنے کیرئیر کی گیارہویں سنچری سکور کرتے ہوئے ڈے نائٹ ٹیسٹ کا پہلا سنچری میکر ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ اظہر علی اور سمیع اسلم نے دو سو پندرہ رنز کی شاندار اوپننگ پارٹنر شپ قائم کرتے ہوئے پاکستان کے لیے ایک مضبوط بنیاد رکھی ہے۔ سمیع اسلم نوے رنز بنا کر ڈے نائٹ ٹیسٹ میں آوٹ ہونے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے جبکہ چیز نے میچ کی پہلی وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی طرف سے ڈے نائٹ ٹیسٹ کی پہلی گیند کھیلنے کا اعزاز بھی سمیع اسلم کو حاصل ہوا جبکہ اس گیند کو ویسٹ انڈیز کے شینن گیبریل نے پھینکا۔ میچ کی پہلی نصف سنچری بھی سمیع اسلم نے بنائی۔ نوجوان کرکٹرز بابر اعظم اور محمد نواز کے لیے یہ میچ اس لیے بھی یاد گار رہے گا کہ دونوں کو اس میں ٹیسٹ کیپ ملی ہے۔