Friday, March 29, 2024

پاکستان کا نظریہ ،جغرافیہ اورمستقبل غیرمحفوظ ہے : سراج الحق

پاکستان کا نظریہ ،جغرافیہ اورمستقبل غیرمحفوظ ہے : سراج الحق
October 26, 2016
لاہور(92نیوز)امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہےکہ پاکستان کا نظریہ،جغرافیہ اور مستقبل غیر محفوظ ہے،  حکمران ورلڈ بنک اورآئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں پہن کرشاباش بھی چاہتےہیں اورقرضے لانے پر نشان حیدر بھی مانگتے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے غربت،بدامنی،بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کا تحفہ دیا ہے اوران تحفوں پر حکومت کو میڈل دینا چاہیے۔ان کاکہناتھاکہ حکومت کہتی ہے معیشت بہتر ہوگئی لیکن عوام صاف پانی کوترس رہےہیں ۔ استحصالی نظام کی وجہ سے خودکش بمبار تیار ہوتےہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ اب عوام کی نظریں عدالت پر لگی ہیں  ہم توبااختیار کمیشن کے انتظار میں ہیں ۔30 اکتوبر کو کرپشن مٹائو مارچ کریں گے امید ہے کرپشن کے خلاف مہم میں لاہورئیے ہمارا ساتھ دیں گے۔ سراج الحق نے مطالبہ کیاکہ امریکہ فرانس،برطانیہ سمیت ہر جگہ 4 سال دور حکومت ہوتا ہے پاکستان میں بھی  حکومت کی مدت چار سال کی جائے۔