Tuesday, April 23, 2024

ایشین بیچ گیمز میں ملک کا نام روشن کرنیوالے ریسلرز وطن واپس پہنچ گئے

ایشین بیچ گیمز میں ملک کا نام روشن کرنیوالے ریسلرز وطن واپس پہنچ گئے
October 5, 2016
لاہور (92نیوز) ایشین بیچ گیمز میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے پاکستانی ریسلرز وطن واپس پہنچ گئے۔ پہلوانوں کا کہنا ہے کہ بھارت کسی بھی جگہ پاکستان سے مکاری کرنے سے باز نہیں آتا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ریسلرز ویتنام سے وطن واپس پہنچے تو لاہور ائیر پورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ پہلوانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ پاکستانی پہلوانوں نے ایشین بیچ گیمز میں عمدہ کارکر دگی کا مظاہرہ کیا۔ نوے کے جی میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے پہلوان محمد انعام بٹ نے فیورٹ ایرانی ریسلرز کو شکست دے کر سونے کا تمغہ جیتا۔ ایک اور پہلوان نذیر المعروف ٹینڈا پہلوان نے 70 کلو گرام میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ پہلوان اسد بھارتی امپائر کے غلط فیصلے کا شکار ہوئے تاہم کانسی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیا ب رہے۔ ائیر پورٹ پہنچنے پر طلائی تمغہ جیتنے والے انعام پہلوان نے کہا کہ بھارتی ریفری نے درست فیصلہ نہیں کیا جس پر احتجاج بھی کیا گیا۔