Thursday, April 25, 2024

جینیاتی بیماری میں مبتلا پاکستانی بچی کو علاج کیلئے امریکی ویزا مل گیا

جینیاتی بیماری میں مبتلا پاکستانی بچی کو علاج کیلئے امریکی ویزا مل گیا
October 26, 2016
اسلام آباد (92نیوز) جینیاتی بیماری میں مبتلا چھ سالہ پاکستانی بچی اور اس کے والدین کو امریکہ نے علاج کے لیے ویزا جاری کر دیا۔ والد نے بچی کی صحت کے لیے دعا کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے آخرکار اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے چھ سالہ پاکستانی بچی ماریہ کو علاج کی غرض سے امریکہ جانے کی اجازت دے ہی دی۔ بچی ماریہ کے ساتھ اس کے والد اور والدہ کو بھی امریکہ کا ویزا جاری کردیا گیا ہے۔ ماریہ کے والد نے کہا وہ ان تمام لوگوں کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ان کی مدد کی اور بیٹی کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی۔ امریکی سفارتخانے نے شاہداللہ، ان کی بیٹی ماریہ اور اہلیہ کا ویزا منظور کرنے کی تصدیق کردی ہے۔ بچی کا علاج ڈیلویئر میں ولنگٹن اسپتال میں بالکل مفت کیا جائے گا۔ شاہد اللہ راولپنڈی کی ایک چھوٹی سی دکان میں قالینوں کی خریدوفروخت کا کام کرتا ہے۔ چھ سالہ ماریہ مورکیو سنڈروم نامی ایک جینیاتی بیماری میں مبتلا ہے۔