Saturday, May 11, 2024

دبئی : شاہینوں نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کی پہلی فتح حاصل کرلی

دبئی : شاہینوں نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کی پہلی فتح حاصل کرلی
October 18, 2016
دبئی(سپورٹس ڈیسک)شاہینوں نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کی پہلی فتح حاصل کر کے اپنا چارسواں ٹیسٹ یاد گار بنا لیا۔ کالی آندھی کو  چھپن رنز سے ہرا کر  تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔  ٹرپل سنچری بنانے والے اظہر علی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو  دبئی ٹیسٹ میں شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ اپنی تاریخ کا چارسواں ٹیسٹ بھی جیت لیا اور  پہلے ڈے اینڈ نائٹ میں بھی فتح اپنے نام کر لی۔ پانچویں روز سنسنی خیز مقابلے کے بعد شاہین  کالی آندھی پر غالب آ گئے۔ ویسٹ انڈیز نے پانچویں دن کا آغاز پچانوے رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔  براوو چھبیس اور سیموئلز چار رنز کے ساتھ میدان میں آئے۔ سیموئلز تو اسکور میں اضافہ کیے بغیر محمد عامر کا شکار ہو گئے جبکہ براوو نے خوب مزاحمت کی۔ انہوں نے ایک سو سولہ رنز کی شاندار اننگز کھیل  کر ویسٹ انڈیز کو میچ پر گرفت مضبوط کرنے میں مدد دی تاہم یاسر شاہ نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر ایک بار پھر کھیل کا پانسہ پلٹ دیا۔ اس دوران  بلیک ووڈ پندرہ رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ چیز پینتیس رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار ہو گئے۔ ڈورچ کوئی رن بنائے بغیر  وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ بعد میں آنے والے بیشو تین رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ آخری دونوں کھلاڑی کیومنز اور گیبریل ایک ایک سکور بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔