Monday, April 22, 2024

پاکستان امن کا خواہاں لیکن دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے : پاکستانی سفیر

پاکستان امن کا خواہاں لیکن دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے : پاکستانی سفیر
October 2, 2016
نیویارک (92نیوز) دہشت گردوں کی پشت پناہی کے طعنے نہ دیے جائیں۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کہتے ہیں پاکستان حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر رہا ہے۔ پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کے دعوے میں کوئی حقیقت نہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ بھارت کا سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ حقیقت سے بہت دور اور بے بنیاد ہے۔ پاکستان حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔ پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن ساتھ ہی اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستانی سفارتخانہ وائٹ ہاوس اور امریکی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ حقیقت سے بہت دور اور بے بنیاد ہے۔ نہ جانے بھارت کنٹرول لائن پر فائرنگ کے تبادلے کو کیوں سرجیکل سٹرائیک کا نام دے رہا ہے۔ پاکستان حقانی نیٹ ورک سمیت تمام عسکریت پسند تنظیموں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کر رہا ہے۔ انہوں نے ایک بھارتی فوجی کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا اس سے پہلے بھارتی بحریہ کے بلوچستان سے گرفتار جاسوس کل بھوشن یادیو سے متعلق تمام دستاویزی ثبوت بین الاقوامی برادری کو دکھائے گئے ہیں۔