Friday, March 29, 2024

کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائےگا : وزیردفاع‘ مشیرخارجہ

کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائےگا : وزیردفاع‘ مشیرخارجہ
September 30, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائےگا۔ مشیرخارجہ سرتاج عزیز کہتے ہیں بھارت مسئلہ کشمیر کے حل سے فرار چاہتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی جارحیت اور فائر بندی کی خلاف وزری پر وفاقی وزراءکا کہنا ہے کہ پاکستان منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن مسلح تصادم خطے کے مفاد میں نہیں۔ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کےلئے مذموم حرکتیں کر رہا ہے۔ دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔ اسلام آباد میں کابینہ اجلاس میں شرکت سے پہلے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی سرگرمیوں پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ مسلح تصادم تباہی لا سکتا ہے۔ بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل سے فرار چاہتا ہے اسی لیے نئے محاذ کھول رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی کوشش کرتے رہیں گے۔ وزیر امور کشمیر برجیس طاہر نے بھارت کی جانب سے فائر بندی کی خلاف وزری کی مذمت کی اور کہا کہ بھارت عالمی فورمز پر ناکامی کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے لیکن اسے کشمیر میں مظالم کا جواب دینا ہوگا۔ خرم دستگیر‘ امیر مقام‘ ریاض پیر زادہ اور شیخ آفتاب سمیت کابینہ کے دیگر ارکان نے بھی بھارت کو خطے میں بدامنی پھیلانے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا دنیا بھارت کی اس کھلی دہشت گردی کا نوٹس لے۔