Sunday, May 15, 2022

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی
April 6, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔ تحریک عدم اعتماد سیکرٹری اسمبلی کے آفس میں جمع کرائی گئی۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس کب ہو گا؟ ڈپٹی اسپیکر اور حکومت آمنے آمنے ہیں۔ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے رات گئے اجلاس آج شام ساڑھے سات بجے طلب کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے لئے ووٹنگ بھی آج ہی ہو گی۔ ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے کہا کہ قانون اور ضابطے میں رہتے ہوئے کارروائی کرنا چاہتا ہوں تاہم ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق طلب کئے جانے والے اجلاس کا پنجاب اسمبلی نے تا حال  کوئی نوٹیفکیشن نہیں کیا۔

ترجمان سپیکر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زین علی بھٹی  کا کہنا ہے کہ اجلاس 16 اپریل کو ہی ہو گا۔ جب تک آفیشل لیٹر جاری نہیں ہوتا اس وقت تک پہلا آرڈر برقرار رہے گا۔

پنجاب اسمبلی کےاجلاس کے معاملے پرصورتحال گھمبیرہونے سے سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔ اسمبلی کے باہر خاردار تار لگا دیئے گئے۔ اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

اس دوران پی ٹی آئی نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سیکرٹری اسمبلی کے آفس میں جمع کرا دی ہے۔