Friday, April 26, 2024

ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز 452کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹٰیم نے 4 وکٹوں پر 106 رنز بنالئے

ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز 452کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹٰیم نے 4 وکٹوں پر 106 رنز بنالئے
October 22, 2016
ابوظہبی(سپورٹس ڈٰیسک)ابو ظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کے چارسوباون رنز کے جواب میں  ویسٹ انڈیز نے چار وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چھے رنز بنا لیے ۔ تفصیلات کےمطابق ابوظہبی ٹیسٹ کا دوسرا دن بھی پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ریکارڈ ساز رہا راحت علی کی ٹیسٹ کرکٹ میں پچاس وکٹیں پوری ہو گئیں۔ ادھر یاسر شاہ نے بھی متحدہ عرب امارات میں اپنی پچاس ٹیسٹ وکٹیں مکمل کر لی ہیں۔ شیخ زید اسٹیڈیم میں جاری میچ کے دوسرے روز پاکستان نے  تین سو چار رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی اسکور میں ایک سو اڑتالیس رنز کا اضافہ کرنے کے بعد پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔ پہلے دن نوے رنز کی پر اعتماد اننگز کھیلنے والے کپتان  مصباح الحق اور نائٹ واچ مین یاسر شاہ اننگز کو آگے بڑھانے کے لیے میدان میں آئے تاہم مصباح اپنے انفرادی اسکور میں چھے رنز کا اضافہ کر کے نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے جبکہ یاسر شاہ نے تئیس رنز بنائے۔ سرفراز احمد نے چھپن، محمد نواز نے پچیس اور سہیل خان نے چھبیس رنز بنائے۔ مہمان ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر جانسن بارہ  رنز جبکہ براوو تینتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کریگ براتھوایٹ اکیس کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے جبکہ  مارلن سیموئلز تیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ راحت علی نے دو اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کریز پر اس وقت بیشو اور بلیک ووڈ کوئی رن بنائے بغیر موجود ہیں۔