Friday, April 26, 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، ڈالر کی اونچی اڑان برقرار

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، ڈالر کی اونچی اڑان برقرار
April 28, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز مندی چھائی رہی۔ مارکیٹ 283 پوائنٹس کی کمی سے 45 ہزار 249 پر بند ہوئی۔ ڈالرکی قیمت میں اضافہ جبکہ سونا مستحکم رہا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے بادل چھائے رہے، منفی ہندسوں سے شروع ہونے والے کاروبار کا اختتام بھی منفی ہندسوں پر ہوا۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ہنڈریڈ انڈیکس 283 پوائنٹس کی کمی سے 45 ہزار249 پر بند ہوا۔ دن بھرمجموعی طورپر 346 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا۔ 235 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی جبکہ96کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آج مارکیٹ کی بلند ترین سطح 45,533 جبکہ کم ترین سطح 44,656 رہی۔

اُدھر کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی اونچی اڑان برقرار ہے، پاکستانی روپیہ کی قدر مزید گر گئی اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 50 پیسے بڑھ کر 187روپے پر پہنچ گیا۔ اسی طرح انٹربینک میں ڈالرکی قیمت 42 پیسے کے اضافے سے 185.87 پر بند ہوا۔

دوسری جانب سونے کی قیمت کی بات کی جائے تو فی تولہ سونا 1 لاکھ 32 ہزار روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 13 ہزار169 روپے پر ہی برقرار رہیں جبکہ عالمی مارکیٹ میں 7 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونا 1888 ڈالر کی سطح پر آگیا۔