Friday, April 19, 2024

پاکستانی اوپنرز نے بڑے ہدف کی بنیاد رکھ دی

پاکستانی اوپنرز نے بڑے ہدف کی بنیاد رکھ دی
October 14, 2016
دبئی (ویب ڈیسک) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ دبئی کے سٹیڈیم میں جاری ہے۔ کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت ہوا۔ پاکستان کی اوپننگ جوڑی نے رنز کو قدرے استحکام دیا اور اچھی پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان کو اچھے مجموعے تک پہنچنے میں مدد دی۔ اوپنرز سمیع اسلم اور اظہرعلی نے نصف سنچریوں کے بعد پاکستانی اننگ کے سکور کو مزید آگے بڑھایا۔ پاکستانی سکواڈ سمیع اسلم‘ اظہرعلی‘ بابر اعظم‘ کپتان مصباح الحق‘ اسدشفیق‘ سرفرازاحمد‘ محمدنواز‘ وہاب ریاض‘ یاسرشاہ‘ محمدعامر اور سہیل خان پر مشتمل ہے۔ ویسٹ انڈین سکواڈ بریتھ وائٹ‘ جانسن‘ ایل آر براوو‘ ڈی ایم براوو‘ سیموئلز‘ بلیک ووڈ‘ آر ایل چیز‘ ڈاﺅرچ‘ ہولڈر‘ بشو‘ کمنز اور گیبرئیل پر مشتمل ہے۔ یہ ٹیسٹ میچ دو لحاظ سے تاریخی ہے ایک تو یہ ایشیا میں پنک بال سے کھیلا جانے والا پہلا اور مجموعی طور پر دوسرا ٹیسٹ ہے اور دوسرا یہ پاکستانی ٹیم کا چارسوواں ٹیسٹ میچ ہے۔ کرکٹ کا آغاز سرخ بال سے ہوا۔ وجہ یہ تھی کہ وائٹ ڈریس کے ساتھ سرخ بال دیکھنے میں آسانی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ بیٹنگ کے دوران کھلاڑیوں کے لیے سرخ بال آسانی پیدا کرتی ہے لیکن جدت آنے کے بعد نائٹ میچز میں سرخ بال کے دیکھنے میں دشواری پیدا ہو گئی۔ مصنوعی روشنی میں دکھائی دینے کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے وائٹ بال متعارف کروا دی گئی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ ریڈ اور وائٹ بال کی بجائے پنک بال سے کھیلا جا رہا ہے تاکہ یہ دن اور رات دونوں وقت میں آسانی سے دکھائی دے سکے۔