Friday, May 20, 2022

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن
May 1, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) – شکاگو کے شہدا کی یاد میں آج دنیا بھر سمیت پاکستان میں مزدوروں کا عالمی منایا جارہا ہے۔

یکم مئی کومزدوروں کے عالمی دن پر جلسے، ریلیوں اور سمینارز کا اہتمام تو کیا جاتاہے مگر زمینی حقائق کے مطابق محنت کش کی فلاح کے اقدامات پر آج بھی سوالیہ نشان ہیں۔

جس نے سب کے گھر بنائے اس کا کوئی گھر نہیں، بات ہورہی ہے مزدورکی جو دوسروں کی چھت کے لئے خون پسینہ بہاتا ہے مگر اس کے اپنے پاس واحد چھت اللہ کا آسمان ہے۔
مزدوروں کے دن کی شناخت یکم مئی کی تاریخ ہر سال آتی ہے اور گزر جاتی ہے، حکمران آج تک مزدور کو تعلیم، صحت، بعد مرگ انشورنس جیسی سہولیات فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔

مزدورکی کم ازکم ماہانہ اجرت کا پرکشش اعلان تو ہے اجرت دینے کے لئے پیسے نہیں، ستم ظریفی ہے کہ یکم مئی کو سب کوچھٹی ہوتی ہے مگرمزدوراس روزبھی کام پرمجبور ہے۔

مزدورکی خوشحالی ملکی صنعت کی خوشحالی کی ضامن ہے مگراس باربھی اپنے عالمی دن پر بندہ مزدور تلخ اوقات سے جان نہیں چھڑا سکا۔

صنعتی شہر فیصل آباد جہاں کے مزدور اپنے عالمی دن کے موقع پر بھی غربت و افلاس میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ماضی کی طرح اس باربھی حکمرانوں نے دعوے تو بہت کئے لیکن مزدور طبقہ کی حالت نہ سدھر سکی، کام مل گیا تو ٹھیک ورنہ بے کس و لاچار یہ افراد ہر وقت بے بسی کے تصویر بنے رہتے ہیں، کہتے ہیں کہ انہیں تو مہنگائی نے مار ڈالا۔

دوسرے شہروں سے آئے بیشتر افراد کے کاندھوں پر اپنے خاندان کی کفالت کا بھاری بوجھ ہے، لیکن اس اُمید پر دربدر پھر رہے ہیں کہ دو وقت کی روٹی پوری کرنے کیلئے انہیں کام مل جائے گا۔

مسائل و مصائب کے بوجھ تلے دبے ان مزدوروں کو عالمی دن کی خوشی سے زیادہ اس بات کی فکر لاحق رہتی ہے کہ انہیں پیٹ پالنے کیلئے دیہاڑی کیسے ملے گی۔