Thursday, April 18, 2024

پاکستان نے سرجیکل سٹرائیکس کا بھارتی دعویٰ مسترد کر دیا

پاکستان نے سرجیکل سٹرائیکس کا بھارتی دعویٰ مسترد کر دیا
September 29, 2016
اسلام آباد (92نیوز) کنٹرول لائن پر کوئی سرجیکل سٹرائیکس نہیں ہوئی۔ پاک فوج نے بھارت کے تمام دعوں کو جھوٹا قرار دے کر مسترد کر دیا۔ ترجمان آئی ایس پی آر کہتے ہیں بھارت اپنے میڈیا اور عوام کو دھوکہ دے رہاہے۔ سرجیکل سٹرائیک کی تو منہ توڑ جواب دینگے۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گرد بھارت کی ایک اور دہشت گرد ی۔ رات سے لے کر صبح تک سرحد پر صرف اندھا دھند گولیاں چلاتا رہا۔ غیروں کو توچھوڑیں بھارت ہمیشہ سے اپنوں کو ہی دھوکہ دیتا آیا ہے اسی لئے تو اپنے ڈی جی ایم اوز کو میڈیا کے سامنے کھڑا کیا اور راگ الاپا سرجیکل سٹرائیکس کا لیکن پاک فوج نے بھارت کے ان تمام جھوٹے اور بے بنیاددعووں کا پردہ چاک کردیا۔ ترجمان آئی ایس پی آر نے سرجیکل سٹرائیکس کے بھارتی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے ایسا سب کچھ اپنے میڈیا اور عوام کو دھوکہ دینے کےلئے کہا۔ کنٹرول لائن پر کوئی سرجیکل سٹرائیکس نہیں ہوئی۔ بھارت نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صرف فائرنگ کی جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج کسی بھی سرجیکل سٹرائیکس سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ بھارت نے ایسا کوئی بھی قدم اٹھایا تو بھرپور جواب دیا جائیگا۔ دوسری جانب پاک فضائیہ نے بھی بھارتی دعووں کو جھوٹا قرار دیدیا۔ ترجمان کاکہنا ہے کہ بھارتی فضائیہ کا کوئی بھی طیارہ پاکستان کی سرحد کے قریب بھی نہیں پھٹکا۔